بپن راوت

بپن راوت پاکستان مخالف بیان کے بجائے ذمہ داریوں پر دھیان دیں، دفتر خارجہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان نے بھارتی چیف آف ڈیفنس بپن راوت کے بے معنی بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا بپن راوت کی زبان آرایس ایس بی جے پی کی انتہا پسند سوچ ظاہر کرتی ہے ، بپن راوت پاکستان مخالف بیان کے بجائے ذمہ داریوں پر دھیان دیں۔

تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں بھارتی چیف آف ڈیفنس کے پاکستان سے متعلق بے معنی بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بپن راوت کا بیان ان کی سیاسی سوچ اور پاکستان کے حقائق سے ناواقفیت ظاہر کرتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بپن راوت کی زبان آرایس ایس بی جےپی کی انتہا پسند سوچ ظاہر کرتی ہے، آر ایس ایس،بی جےپی اکھنڈ بھارت اور ہندو توا کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں ، افسوس ہے یہ ذہنیت اب بھارتی اداروں، فوج میں بھی پائی جاتی ہے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ چیف آف ڈیفنس کابیان بھارت کے اندر،باہرغلط کاموں سے توجہ نہیں ہٹا سکتا، ہندوتوا پالیسیوں سے بھارت میں مذہبی مقامات کو نقصان پہنچانے کاسلسلہ جاری ہے، بھارت میں اقلیتوں پر مظالم اور ہجوم کےتشدد میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بپن راوت پاکستان مخالف بیان کے بجائے ذمہ داریوں پر دھیان دیں۔