لاہور (رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بسنت کا وقت ختم ہوگیا ہے،اب پتنگ اڑانے کی اجازت نہیں ہے، والدین اپنے بچوں پر نظر رکھیں،پتنگ اڑانے پر سخت ایکشن ہوگا۔
محفوظ بسنت منانے اور زندگی کے رنگ انجوائے کرنے پر عظمیٰ بخاری نے لاہور کے عوام، پاکستان اور اوورسیز پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا شکریہ لاہور ،شکریہ پاکستان ،شکریہ اوورسیز پاکستان۔انہوں نے غیرملکی مہمانوں اور غیرملکی سفیروں کا شکریہ بھی ادا کیااور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور سمیت پاکستانی عوام کے دل جیت لیے ہیں اور محفوظ بسنت منانے پر لاہوری مبارکباد کے مستحق ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ الحمداللہ بسنت کامیاب اور محفوظ ترین منائی گئی جبکہ امریکہ،برطانیہ اور مشرق وسطی سے لوگ بھی لاہور بسنت منانے آئے، شہریوں نے حکومتی ایس او پیز اور ہدایات پر بھرپور ذمہ داری سے عملدرآمد کیا۔انہوں نے انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بسنت کو محفوظ بنانے میں پولیس،ریسکیو،ضلعی انتظامیہ و دیگر اداروں نے محنت سے ڈیوٹیاں سرانجام دیں۔انہوںنے کہا کہ پاکستانیوں نے نفرت،انتشار اور احتجاج کی سیاست کو مسترد کردیا ہے، پاکستانیوں نے ترقی،خوشحالی اور امن کو ووٹ دیا اور سپورٹ کیا ہے جبکہ ملک کو کمزور کرنے والے اپنے انجام کو پہنچ گئے ہیں۔









