لاہور( رپورٹنگ آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بھرپور عزم کی وجہ سے بسنت کے تہوار کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ بسنت کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت لاہور میں اربوں روپے کی معاشی سر گرمیاں ہوئیں جو انتہائی خوش آئند ہے۔
اپنے بیان میں اشر ف بھٹی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں مختلف محکموں کی جانب سے بسنت کے تہوار کو محفوظ اور کامیاب بنانے کے لئے جس طرح دن رات محنت کی گئی وہ قابل ستائش ہے اورعوام کی جانب سے بھی طے کئے گئے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرکے باشعور ہونے کا ثبوت دیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ بسنت کے تہوار پر معاشی سر گرمیوں کے حوالے سے جو تخمینہ لگایا تھا وہ اندازوں سے کہیں زیادہ ہے ،لاہور میں بسنت کے تہوار پر 20سے25ارب روپے کی معاشی سر گرمیاں ہوئی ہیں جو خوش آئند ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت یقینی طور پر بسنت کے حوالے سے مختلف رپورٹس کا جائزہ لے کر صوبہ بھر میں بسنت کے تہوار کے حوالے سے فیصلہ کرے گی جس سے بڑے پیمانے پر معاشی سر گرمیاں ہونے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔









