محمد جاوید قصوری 15

بسنت ایک خونی تہوار،وزیر اعلیٰ انسانی جانوں سے کھیلنے پر بضد کیوں ہیں ؟’جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بسنت کوئی ثقافتی تہوار نہیں بلکہ ایک خونی کھیل بن چکا ہے جس میں ہر سال قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوتی ہیں، اس کے باوجود پنجاب حکومت کی جانب سے 6 تا 8 فروری بسنت منانے پر اصرار نہایت افسوسناک اور عوام کی جانوں سے کھلواڑ کے مترادف ہے۔

محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پر ڈور سے گلے کٹنے، چھتوں سے گرنے، موٹر سائیکل سواروں کے شدید زخمی ہونے اور بچوں کے مستقل معذور ہو جانے کے واقعات ہر سال بسنت کے ساتھ جڑے ہوتے ہیں۔ یہ سب کوئی نئی بات نہیں، ماضی اس کا گواہ ہے۔ اس کے باوجود حکومت آنکھیں بند کر کے اس خونی تہوار کو فروغ دینا چاہتی ہے، جو سراسر غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بسنت منا کر دنیا کو آخر کیا پیغام دینا چاہتی ہیں؟ کیا ایک مہذب اور ذمہ دار ریاست اپنی ثقافت کے نام پر انسانی جانوں کو داوپر لگا سکتی ہے؟

انہوں نے کہا کہ جن ماوں نے اپنے بچے کھوئے، جن خاندانوں نے اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھائیں، ان کے درد کا احساس حکمرانوں کو کیوں نہیں؟۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ بسنت کے دوران صرف جانی نقصان ہی نہیں ہوتا بلکہ بجلی کے نظام کو شدید نقصان پہنچتا ہے، فیڈرز ٹرپ ہو جاتے ہیں، شہروں میں گھنٹوں بجلی غائب رہتی ہے، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنا پڑتی ہے اور پولیس و ریسکیو اہلکار شدید دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ پر ڈور بجلی کی تاروں، موٹر سائیکل سواروں اور راہگیروں کے لیے خاموش قاتل بن جاتی ہے۔

محمد جاوید قصوری نے دو ٹوک الفاظ میں خبردار کیا کہ پنجاب حکومت یہ بات ذہن نشین کر لے کہ اگر 6 تا 8 فروری کے دوران بسنت کے باعث کسی بھی قسم کا جانی نقصان ہوا تو اس کی ذمہ داری براہ راست وزیر اعلیٰ پنجاب پر عائد ہو گی۔ یہ کسی حادثے کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک قابلِ تلافی جرم سمجھا جائے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بسنت پر مکمل اور مؤثر پابندی کو یقینی بنایا جائے، پر ڈور بنانے، فروخت کرنے اور استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت ترجیح دی جائے۔ جماعت اسلامی کسی صورت انسانی جانوں پر سیاست قبول نہیں کرے گی اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں