اسحق ڈار

بزدلانہ حملے دہشتگردی کے خطرے سے نمٹنے کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے، نائب وزیراعظم

اسلا م آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر خارجہ اور نائب وزیرِ اعظم محمد اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں کبھی بھی پاکستان کے اس خطرے سے نمٹنے کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

دو روزہ انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے وفاقی دارالحکومت میں خودکش دھماکے اور وانا میں کیڈٹ کالج پر حملے کا ذکر بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ میں واضح کر دوں، یہ بزدلانہ کارروائیاں ہمارے قومی عزم کو کبھی بھی لرزا براندام یا کمزور نہیں کر سکتیں کہ ہم اس خطرے (دہشت گردی) سے نمٹیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملے ہمیں کمزور نہیں کر سکتے بلکہ ہمیں مزید یقین دلاتے ہیں کہ امن اور سلامتی کے لیے صرف بات چیت، سمجھ بوجھ اور تعاون ہی صحیح راستہ ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے گزشتہ 48 گھنٹوں میں وانا اور اسلام آباد میں دو نہایت گھناؤنے دہشت گرد حملے دیکھے، جس کے نتیجے میں 15 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔

اسحٰق ڈار نے حملوں کی شدید مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر شکل اور ہر قسم کے دہشت گرد حملوں کی قطعی طور پر مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے قرار دیا کہ دہشت گردی ہمارے دور کے بڑے عالمی چیلنجز میں سے ایک ہے اور زور دیا کہ پاکستان اس خطرے کے خلاف ایک مضبوط محافظ رہا ہے جو کسی سرحد، مذہب، جنس، نسل یا قومیت کو تسلیم نہیں کرتا۔