برطانیہ اورامریکا 134

برطانیہ اورامریکا کا نئی وبائوں سے نمٹنے کے لیے شراکت داری پراتفاق

لندن (رپورٹنگ آن لائن)برطانیہ اور امریکا نے دنیا بھرمیں بیماریوں کی نگرانی کے ذریعے کروناوائرس ایسی وباں سے نمٹنے کے لیے مربوط شراکت داری سے اتفاق کیا ہے۔دونوں ملکوں کے حکام نے برطانوی شہر کارنوال میں گروپ سات کے سربراہ اجلاس کے موقع پر نئی وباں سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون پر زوردیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق برطانیہ اس وقت دنیا کے سات امیرترین ممالک پر مشتمل گروپ کا صدر ہے اور وہ جی 7کی صدارت کو کرونا وائرس کی وبا کے تناظرمیں عالمی سطح پر انسانی صحت کو درپیش ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے استعمال کررہا ہے تاکہ مستقبل میں کووِڈ19ایسی وبا کے مضمرات کابہترانداز میں مقابلہ کیا جاسکے۔

برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکوک نے کہا کہ اس وائرس کو شکست سے دوچارکرنے اور مستقبل میں ایسی بیماریوں کی روک تھام کے لیے یہ ضروری ہے کہ پوری دنیا کو برطانیہ اور امریکا کی جدید ترین نگرانی کی حامل ٹیکنالوجیزتک رسائی حاصل ہو۔انھوں نے کہا کہ ہم اپنے قریبی اتحادی کے ساتھ اس نئی تاریخی شراکت داری کے ذریعے دنیا سے بھی اپنی مہارت کا اشتراک کررہے ہیں۔اس صورت میں ہم مل جل کر لوگوں کو محفوظ رکھنے اور مستقبل میں وباں کوپھیلنے سے روکنے کے لیے زیادہ بہتراقدامات کرسکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں