لاہور( رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے کہا ہے کہ حکومت زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ،برآمدی اہداف کے حصول کیلئے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی لائے تاکہ پاکستانی اشیاء کی بیرون ملک کھپت میں اضافہ سے برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں مزید کمی ہوسکے۔
انہوںنے کہا کہ لارج سکیل مینوفیکچرنگ سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا لیکن اس کے برعکس ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے10ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں9.4فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں کمی سے بے روزگاری میں اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی گیس، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت بڑھ رہی ہے جس سے اشیاء مہنگی ہونے کے باعث ملکی برآمدات کمی کاشکار ہیںجاری مالی سال کے پہلے 10ماہ کے دوران ٹیکسٹائل،اشیاء خوراک،کوئلہ ،کیمیکلز،فارما ،مشروبات،آئرن و سٹیل،آٹو موبائل،تمباکو،،مشینری و برقی آلات کی پیداوار میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ سے ہی ملکی برآمدات اور روزگار کے ذرائع میں اضافہ ہوگا اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین سہیل اکبر،احسن منیر چاولہ وائس چیئرمین کے ہمراہ صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں خرم الیاس نے کہا کہ برآمدات کی بحالی اور توسیع کے سلسلہ فوری اقدامات کی ضرورت ہے اس ضمن میں پاکستانی مصنوعات کے لیے بیرون ملک نئی منڈیوں کی تلاش اور بیرون ملک سفارتخانوں کو فعال کیا جائے تاکہ وہ بیرون ملک پاکستانی مصنوعا ت کی کھپت اور برآمدات میں اضافہ کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافہ کیلئے صنعتی شعبہ کو مراعات دے تاکہ برآمدات میں اضافہ سے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ سکیںاور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہو۔