چینی اور گندم

بحران پر قابو پانے کیلئے درآمدی چینی اور گندم کے جہاز پاکستان پہنچنا شروع

کراچی (رپورٹنگ آن لائن ) ملک میں آٹا چینی کے بحران پر قابو پانے کے لیے حکومت کی درآمد کردہ مزید گندم اور چینی پاکستان پہنچنا شروع ہو گئی۔

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی درآمد کردہ گندم کا چوتھا جہاز 52 ہزار 170 میڑک ٹن گندم لے کر پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہو گیا جب کہ مزید 50 ہزار میڑک ٹن چینی پاکستان پہنچ جائے گی۔ توقع ہے کہ درآمدی چینی آنے سے ملک میں چینی کی کمی پر قابو پایا جا سکے گا۔ ٹی سی پی حکام کے مطابق رواں ماہ کے دوران مجموعی طور پر درآمد کی جانے والی گندم میں سے خیبرپختونخوا نے اب تک ایک لاکھ 10 ہزار میٹرک ٹن گندم اٹھالی ہے جب کہ حکومت پنجاب نے بھی درامد کی گئی گندم سے 56 ہزار 457 میٹرک ٹن گندم لی ہے۔

حکام کے مطابق چوتھے جہاز سے آنے والی گندم خیبرپختونخوا حکومت لے گی۔ ٹی سی پی کے مطابق 50 ہزار میٹرک ٹن درآمدی چینی لے کر دوسرا جہاز آج کراچی پہنچ رہا ہے، 25000 میٹرک ٹن چینی لانے والے جہاز سے 3500 میٹرک ٹن چینی آف لوڈ کی جا چکی ہے، درآمد کی گئی چینی حکومت پنجاب کو دی جائے گی جو مارکیٹ ریٹ سے کم پر فروخت کی جائے گی۔