راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بجٹ غریب عوام نہیں بلکہ عالمی مالیاتی اداروں کی خوشنودی کیلئے بنایا گیا ہے،وفاقی بجٹ کسی غریب کا بجٹ نہیں بلکہ قرضوں کا بجٹ ہے، جب بجٹ پیش کرنے والا خود کہتا ہے کہ یہ قرضوں کا بجٹ ہے تو پھر میں کیا کہوں گا؟۔
عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ غریب عوام کے لیے نہیں بلکہ عالمی مالیاتی اداروں کی خوشنودی کے لیے بنایا گیا ہے۔
خطے کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اسرائیل نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران پر حملہ کیا ہے جس کی پاکستانی قوم شدید مذمت کرتی ہے۔پاکستان کا ہر مسلمان اسرائیل کے خلاف جدوجہد میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ایران حق پر ہے اور ہمیں کھل کر اس کا ساتھ دینا چاہیے، پاکستان کا بچہ بچہ ایران کے شانہ بشانہ ہے اور جوابی حملہ ایران کا حق ہے۔