محمد جاوید قصوری 13

بجلی کے فکسڈ چارجز قابل مذمت ، حکمران مہنگائی کے ہاتھوں پریشان عوام پر مسلسل ظلم کے پہاڑ ڈھا رہے ہیں’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کے فکسڈ چارجز میں ریکارڈ اضافے پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام پر ایک کاری ضرب اور بجلی گرانے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سنگل اور تھری فیز میٹرز رکھنے والے گھریلو صارفین پر منظور شدہ لوڈ کے مطابق فکسڈ چارجز کا نفاذ کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔حکومت فوری طور پر اس فیصلے کو واپس لے ۔

یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں نے عوام کو زندہ درگور کرنے کی قسم کھا رکھی ہے ۔انہوں نے وضاحت کی کہ سنگل فیز میٹرز کے بلوں پر درج منظور شدہ لوڈ کو ٹیکس اور دیگر چارجز کے ساتھ منسلک کرکے فی کلو واٹ کی بنیاد پر اضافی رقم وصول کی جا رہی ہے، جس سے کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام بجلی کے کم استعمال کرنے والے صارفین کے ساتھ بھی ناانصافی ہے کیونکہ چاہے بجلی کم استعمال کی جائے یا زیادہ، فکسڈ چارجز ہر صورت ادا کرنا ہوں گے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں عام آدمی پہلے ہی آٹا، چینی، گھی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان ہے۔ ایسے میں بجلی کے بلوں میں فکسڈ چارجز کا اضافہ عوام کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر دے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے نظام میں بہتری لاکر لائن لاسز اور کرپشن کا خاتمہ کرتی، نہ کہ اس کا سارا بوجھ عوام پر ڈال دیتی۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ظالمانہ فیصلے کو فوری طور پر واپس لے اور بجلی کے بلوں میں ریلیف فراہم کرے۔ حکمران ہ ہوش کے ناخن لیں، زمینی حقائق کو سمجھیں اور عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے انہیں سہولت فراہم کریں تاکہ عام آدمی سکون کا سانس لے سکے۔محمدجاوید قصوری نے مزید کہا کہ ایک طرف چچا مسلسل لا حاصل غیر ملکی دورے کر رہے ہیں جبکہ دوسری جانب بھتیجی نے گیارہ ارب روپے کا طیارہ خرید کر ثابت کر دیا ہے کہ انھیں عوام کی دکھوں سے کوئی سرورکار نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں