جنرل ہسپتال

بجلی کابریک ڈاؤن: جنرل ہسپتال میں 8207مریضوں کا علاج ہوا:پروفیسر الفرید ظفر

لاہور ( زاہد انجم سے )لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ نے ملک بھر میں بجلی کی ترسیل میں تکنیکی خرابی کے دوران فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہسپتال کے تمام شعبوں میں مریضوں کو علا ج معالجے کی فراہمی بلا تعطل جاری رکھی،شعبہ ایمرجنسی و آؤٹ ڈور میں 8207مریضوں کو طبی سہولیات مہیا کی گئیں جبکہ مجموعی طور پر 264آپریشن ہوئے۔

پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے ایل جی ایچ انتظامیہ کی اعلیٰ کارکردگی کو سراہتے ہوئے ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم اور الیکٹریکل انجینئیر ظفر مختار کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔انہوں نے ایمرجنسی صورتحال سے احسن طریقہ سے عہدہ برآ ہونے اور اپنے فرائض پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ ادا کرنے پر ڈاکٹر،نرسز اور پیرا میڈیکس کو شاباش دی جبکہ پیر کے روز بجلی کی مسلسل فراہمی کیلئے 9جنریٹر 14گھنٹے مسلسل فنکشنل رہے۔

پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں ہوتا اور مریضوں کی جان بچانے کے لئے تمام تر وسائل برؤئے کار لائے گئے اور ہسپتال انتظامیہ و ہیلتھ پروفیشنلز اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہے جو ہم سب کے لئے باعث اطمینان ہیں۔ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم نے بریفنگ دیتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر کو بتایا کہ 23جنوری کو ہسپتال میں 952ایکسرے،182سی ٹی سکین، 430الٹرا ساؤنڈ،231ای سی جی، 19اینڈوسکوپی اور 5مریضوں کی شعاعوں سے پتھری تحلیل کر نے کے پروسیجر بھی کیے گئے۔

انہوں نے پرنسپل کو یقین دلایا کہ آئندہ بھی ایسی کسی غیر معمولی صورتحال میں اس ٹیم ورک کو جاری رکھا جائے اور اُن کی سربراہی میں مریضوں کو علاج معالجے کی بلا تعطل فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔پروفیسر الفرید ظفر نے بجلی کے بریک ڈاؤن کے دوران بھی لاہور جنرل ہسپتال میں کام جاری رکھنے اور آپریشن سمیت تمام ٹیسٹوں کی بر وقت تکمیل پر ایم ایس اور اُن کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں مبارکباد دی۔