اویس احمد خان لغاری 34

بجلی صارفین کی شکایات کے ازالے کو شفاف بنانے کیلئے تمام ڈسکوز کو واضح احکامات جاری کر دیئے ہیں، سردار اویس لغاری

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے پاور سردار اویس احمد خان لغاری نے بجلی صارفین کی شکایات کے ازالے کو مزید موثر اور شفاف بنانے کے لئے بڑے فیصلے کرتے ہوئے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو واضح احکامات جاری کر دیئے ہیں، ان احکامات کا مقصد صارفین کو ریلیف فراہم کرنا اور سروس ڈیلیوری میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے ہدایت کی ہے کہ تمام بجلی تقسیم کار کمپنیاں صارفین کی شکایات کے حوالے سے خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کے خلاف فوری اقدامات کریں۔ مزید برآں انہوں نے ہر ماہ 118 پلیٹ فارم کے ڈیٹا کی بنیاد پر خراب اور بہترین کارکردگی والے سب ڈویژنز کو نامزد کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں تاکہ کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے اور بہتر کارکردگی کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔

وفاقی وزیر نے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے کسٹمر سروس ڈائریکٹرز کو صارفین کی شکایات کے ازالے کے حوالے سے ذمہ دار ٹھہرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ خاص طور پر انہوں نے پشاور (پیسکو)، ہیزکو (ہزارہ)، سکھر (سیپکو)، حیدرآباد (حیسکو) اور کوئٹہ (کیسکو) میں بجلی صارفین کی کم تعداد میں شکایات کے اندراج پر نوٹس لیتے ہوئے ان پانچ کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ 118 سمارٹ کال سینٹر کو صارفین میں زیادہ سے زیادہ متعارف کرائیں تاکہ ہر صارف اس سہولت سے مستفید ہو سکے۔ وفاقی وزیر نے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو 118 کسٹمر سروس کے تحت اپنے لائن سٹاف اور افسران کو ہدایت جاری کرنے کا حکم دیا ہے کہ وہ صارفین کی شکایات کو انتہائی ترجیحی بنیادوں پر فوری حل کریں۔

غیر معمولی کارکردگی کے اعداد و شمار یہ فیصلے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب 118 سمارٹ کال سینٹر کا آج جائزہ لیا گیا ۔ اکتوبر 2025 سے فروری 2026 کے دوران اس نظام نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ اس عرصے میں 118 پلیٹ فارم پر 20,20,157 کالز موصول ہوئیں جن میں سے 19,39,948 کالز کو کامیابی سے ہینڈل کیا گیا۔ سروس کی فراہمی کی شرح 96.09 فیصد رہی جو صارفین کے ساتھ بروقت رابطے کی عکاسی کرتی ہے۔ صرف 1.67 فیصد کالز ڈراپ ہوئیں جو نظام کی مضبوطی اور عملے کی پیشہ وارانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شکایات کے ازالے میں اسی پانچ ماہ کی مدت میں پاور سیکٹر میں بجلی صارفین کی کل 24,51,780 شکایات رجسٹر کی گئیں۔ ان میں سے 24,39,272 شکایات یعنی 99.49 فیصد کو کامیابی سے حل کر دیا گیا۔

اس دوران تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ لیسکو میں سب سے زیادہ 10,31,685 شکایات درج کی گئیں جن میں سے 10,27,538 شکایات حل کر کے 99.60 فیصد شرح برقرار رکھی گئی۔ میپکو میں 6,51,683 شکایات رجسٹر ہوئیں جبکہ 6,46,908 شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے 99.27 فیصد کامیابی حاصل کی گئی۔ فیسکو میں 2,97,182 شکایات میں سے 2,96,161 حل ہوئیں، جو 99.66 فیصد بنتی ہیں۔ گیپکو میں 2,38,681 شکایات رجسٹر ہوئیں اور 2,37,802 کا ازالہ کرتے ہوئے 99.63 فیصد شرح رہی۔ آئیسکو (IESCO) نے 1,77,887 میں سے 1,76,840 شکایات حل کر کے 99.41 فیصد کارکردگی دکھائی۔

سکھر (سیپکو) میں 4,394 میں سے 4,342 شکایات حل ہوئیں جو 98.82 فیصد ہے۔ حیدرآباد (حیسکو) نے 19,452 میں سے 19,239 شکایات کا ازالہ کیا، ان کی شرح 98.90 فیصد رہی۔پشاور (پیسکو) میں 14,860 میں سے 14,609 شکایات حل ہوئیں جو 98.31 فیصد بنتی ہیں۔ ہیزکو میں 3,398 میں سے 3,366 شکایات کا ازالہ ہوا، ان کی شرح 99.06 فیصد رہی۔ کوئٹہ (کیسکو) میں 9,528 میں سے 9,441 شکایات حل ہوئیں جو 99.09 فیصد ہیں۔ ٹرائبل (ٹیسکو) میں 31 میں سے 28 شکایات کا ازالہ ہوا، جو 99.09 فیصد ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ تفصیلات تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے مابین بہترین روابط، تعاون اور صارفین کی خدمت کے لئے ان کی سنجیدگی کو ظاہر کرتی ہیں۔118 پلیٹ فارم نے نہ صرف بجلی کی خدمات تک رسائی کو آسان بنایا ہے بلکہ اس میں شفافیت اور بروقت کارروائی کو یقینی بنا کر عوامی اعتماد میں بھی غیر معمولی اضافہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر کے حالیہ احکامات اس نظام کو مزید موثر بنانے اور صارفین کو ہر سطح پر ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا مظہر ہیں۔

یہ نظام حکومت کی اس وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد پاور سیکٹر میں سروس ڈیلیوری کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور لاکھوں صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 118 سمارٹ کال سینٹر اس عزم کی ایک روشن مثال ہے،ہم تمام صارفین پر زور دیتے ہیں کہ وہ بجلی سے متعلق کسی بھی مسئلے کی صورت میں 118 پر رابطہ کریں اور اس بہتر سہولت سے مستفید ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں