مسرت جمشید چیمہ 15

بانی پی ٹی آئی کے علاج ،صحت کے حوالے سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے’ مسرت چیمہ

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج اور صحت کے حوالے سے عوام میں گہری تشویش پائی جاتی ہے،عمران خان کی صحت سے متعلق ہر معاملے کو سنجیدگی اور حساسیت کے ساتھ دیکھا جانا چاہیے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام کی ایک بڑی تعداد عمران خان سے دلی ہمدردی اور وابستگی رکھتی ہے اور ان کی صحتیابی کے لیے دعا گو ہے۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کو علاج معالجے کی تمام ضروری سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں، حکومت جس طرح کے رویے کا ا ظہار کر رہی ہے وہ قابل تشویش ہے اور سپریم کورٹ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے ۔عمران خان کی صحت بہتر ہونا ان کے اہل خانہ، کارکنوں اور ہمدردوں کے لیے باعث اطمینان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جدوجہد کو پرامن اور جمہوری انداز میں جاری رکھے گی۔ عوام عمران خان کی صحت کے حوالے سے مثبت اور حوصلہ افزا ء اطلاعات کے منتظر ہیں۔ مسرت جمشید چیمہ نے عوام سے اپیل کی کہ عمران خان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں