اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پاپولر سیاسی لیڈر ہیں کوئی مانے نہ مانے دنیا مانتی ہے، دنیا میں غیر پاکستانی بھی بانی پی ٹی آئی کا پوچھتے ہیں،بانی پی ٹی آئی کی ملاقات پر پابندی لگانا انتقامی کارروائی ہے، کہا گیا وہ سیاسی بیان دیتا ہے کیا سیاستدان سیاسی بیان نہیں دے گا؟۔
سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے راجہ ناصر عباس نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے حقوق ہیں، بطور شہری بھی اور بطور قیدی کے بھی، ان کی قید ظالمانہ اور غیر قانونی ہے، بانی پی ٹی آئی کو ان کے حق سے کیوں محروم کیا گیا، ان کی بیماری کا ان کی فیملی کو کیوں نہیں بتایا گیا یہ جرم ہوا، ان کا بنیادی حق ہے جو انہیں نہیں ملا۔راجہ ناصر عباس نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ملاقات پر پابندی لگانا انتقامی کارروائی ہے،
کہا گیا وہ سیاسی بیان دیتا ہے کیا سیاستدان سیاسی بیان نہیں دے گا؟ بانی کی بیوی کون سا سیاسی بیان دیتی ہیں، انہیں کیوں اہلخانہ سے نہیں ملنے دیتے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ ضائع ہوسکتی ہے، آپ انہیں ان کی مرضی کے ڈاکٹر سے چیک کروائیں، ہم کیوں لاپرواہی کرتے ہیں، آرڈر کریں کہ بانی پی ٹی آئی سے ہماری ملاقات کرائی جائے۔راجہ ناصر عباس نے کہا کہ بانی کو ڈاکٹرز تک رسائی دی جائے، انکے گھر والوں سے ملاقات کرائی جائے، سینیٹرز جیل جا کر وزٹ کر سکتے ہیں، ہم مل کر وہاں چلتے ہیں، وہاں کا اسپتال دیکھتے ہیں۔









