رانا تنویر حسین 84

بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ سے کسی دوسری جیل منتقل کر دینا چاہیے ‘رانا تنویر حسین

شرقپورشریف(رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ سے کسی دوسری جیل منتقل کر دینا چاہیے تاکہ امن و امان کی صورتحال متاثر نہ ہو،وزیر اعلیٰ کے پی کے آئے روز اڈیالہ جیل کے باہر تماشا لگا دیتے ہیں، جو مناسب طرزِ عمل نہیں،اگر خیبر پختونخوا میں یہی رویہ برقرار رہا تو گورنر راج نافذ کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شرقپور شریف میں چیئرپرسن پنجاب سہولت بازار اتھارٹی ملک افضل کھوکھر کے ہمراہ شرقپور میں قائم نئے سہولت بازار کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر انکے ہمراہ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ عمران مارتھ اور ممبر پنجاب اسمبلی رانا طاہر اقبال کے علاہ عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر کی تمام تحصیلوں میں عوام کی آسانی اور ریلیف کے لیے بہترین سہولت بازار قائم کیے ہیں، جہاں ضرورت کی اشیا سرکاری نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔ پنجاب حکومت عوام دوست اقدامات کر رہی ہے اور مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے مزید اصلاحات بھی جاری ہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کے پی کے وزیر اعلی آئے روز اڈیالہ جیل کے باہر تماشا لگا دیتے ہیں، جو مناسب طرزِ عمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر خیبر پختونخوا میں یہی رویہ برقرار رہا تو گورنر راج نافذ کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ سے کسی دوسری جیل منتقل کر دینا چاہیے تاکہ امن و امان کی صورتحال متاثر نہ ہو۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جب بھی آئینی ترمیم کی ضرورت محسوس ہوتی ہے، پارلیمنٹ نے ہمیشہ اس کو منظور کیا ہے۔ آٹھویں ترمیم میں ضیاء الحق نے پورا آئین بدل دیا تھا، جس نے ملکی سیاست کا رخ طویل عرصے تک متاثر کیا۔ رانا تنویر حسین نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کی سزا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ پاکستان کی فوج سخت اور شفاف احتساب کرتی ہے، اور کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں