علی زیدی

بارش نہیں سندھ حکومت کی مجرمانہ غفلت شہرِ قائد کو پانی میں ڈبونے کی وجہ بنی ، علی زیدی

اسلام آباد ( رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیربحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ بارش نہیں سندھ حکومت کی مجرمانہ غفلت شہرِ قائد کو پانی میں

ڈبونے کی وجہ بنی ۔ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ بارش نے نہیں سندھ میں اقتدار پر بیٹھے عقل کے اندھوں کا ٹولہ کراچی کو ڈبونے کی وجہ بنا،

میں کب سے ان سیاسی عطائیوں کو جھنجھوڑ رہا تھا کہ مون سون آرہا ہے اور نکاسی آب کا انتظام نہ کیا گیا تو تباہی آئے گی، افسوس ہے .

سندھ میں پیپلز پارٹی کے اس نااہل ٹولے کے کانوں پر جوں رینگی نہ یہ ٹس سے مس ہوا، برسوں ہم پر حکومت کرنے والے اس گروہ نے

ایک تو خود کچھ نہ کیا اوپر سے ہمیں قدرت کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔ علی زیدی نے کہاکہ نتیجتاً بارش آئی اور شہر کیساتھ ہمارا پورا نظام زندگی درہم برہم

کرکے چلتی بنی، مجھے خدشہ ہے کہ اب پیٹ کی بیماریوں کی ایک بڑی لہر جنم لے گی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ کوڑا کرکٹ اور فضلہ شہر بھر میں

فراہمی آب کے نظام میں سرایت کرچکا ہے، کرونا سے پیچھا چھوٹا نہیں اور اب پیٹ کی بیماریاں نئی آفت بن کر شہر پر ٹوٹ پڑیں گی،

پھر عید قرباں کی آمد آمد ہے اور شہری قربانی کیلئے تیار ہیں، میری عوام سے گزارش ہے کہ جانوروں کی باقیات اور آلائشیں سیوریج لائنوں

یا یہاں وہاں پھینکنے سے گریز کیا جائے، ذرا سی غفلت ہمارے لئے وبالِ جان بنے گی۔علی زیدی نے کہاکہ گزشتہ 70 برسوں میں ہماری

بلدیات اور صوبائی حکومت کوڑے اور فضلہ جات جمع کرنے کیلئے کوئی ڈھنگ کا نظام قائم نہیں کرسکیں، یہ سارے عوام کے ٹیکسوں

پر ہاتھ صاف کرنے اور دنیا میں اپنے اثاثے بنانے میں جتے ہوئے ہیں، وفاقی کابینہ نے اپنے کے اجلاس میں کراچی کی صورتحال کا

نہایت سنجیدگی سے نوٹس لیا، اس حقیقت کے باوجود کہ 18ویں ترمیم کے بعد وسائل صوبوں کے پاس ہیں،

وفاقی حکومت ہمارے مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے، تب تک میری گزارش ہے کہ غیر معمولی احتیاط برتی جائے