باجوڑ 11

باجوڑ: چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 11 جوان شہید، 12 خوارج جہنم واصل

راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن) باجوڑ میں سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 12 خوارج کو ہلاک کردیا جب کہ دہشت گردوں کے دھماکے میں 11 اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 16 فروری کو ضلع باجوڑ میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے دہشت گردانہ حملہ کیا جس کے بعد سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں 12 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حملہ آور چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنا چاہتے تھے مگر منصوبہ ناکام بنا دیا گیا جس پر حملہ آوروں نے دھماکہ خیز گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں 11 سکیورٹی اہلکار جام شہادت نوش کر گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے کے باعث قریبی رہائشی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں ایک کمسن بچی شہید جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے مزید خوارج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشتگردی مہم پوری رفتار سے جاری رکھی جائے گی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جوانوں اور شہریوں کی قربانیاں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں