ایکسائز انسپکٹر 260

ایکسائز انسپکٹر منشیات فروش بن گیا۔مقدمہ درج۔

رپورٹنگ آن لائن۔

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن انسپکٹر جہلم، جنید رزاق کو پولیس نے 15 پیکٹ چرس سمیت گرفتار کرلیا ہے۔

ایکسائز انسپکٹر

تفصیلات کے مطابق۔ڈی پی او جہلم کی مداخلت پر تھانہ دینہ کی پولیس نے ایکسائز انسپکٹر جنید رزاق، ایکسائز کانسٹیبل دانیال حسین اور مرزا عامر کے ہمراہ ان کے پرائیویٹ ڈرائیور ذوالفقار عرف زلفی اور عمر شکیب نامی شخص کو گرفتار کرکے ان سے 15 پیکٹ چرس (گردا) برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق جنید رزاق اور اس کے ساتھی 15 پیکٹ چرس کے ہمراہ خود تھانے میں پیش ہوئے اور بتایا کہ انہوں نے دوران ناکہ بندی ترکی ٹول پلازہ پر ایک گاڑی کی تلاشی لی تو گاڑی میں موجود مرد اور عورت کے قبضہ سے بڑی مقدار میں چرس کے پیکٹ برآمد ہوئے جنید رزاق وغیرہ نے چکوال موڑ کے قریب مرد اور عورت کو چھوڑ دیا اور حصے میں آنے والے 15 پیکٹ لیکر چلے گئے۔

تاہم یہ بات پھیل گئی اور تھانہ سوہاوہ کی پولیس بھی جنید رزاق وغیرہ کو گرفتار کرنے کے لئے متحرک ہوگئی۔

ایکسائز انسپکٹر جنید رزاق اور اس کے ہمراہیوں نے تھانہ دینہ کی پولیس سے تحفظ کی استدعا کی۔ جس کے جواب میں پولس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں