حارث رئوف 19

ایک میچ برا ہو جائے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ برے بولر بن گئے ، حارث رئوف

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر حارث رئوف نے کہا ہے کہ ایک میچ برا ہو جائے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ برے بولر بن گئے لیکن ہمارے ہاں بس لوگ یہ کہنا شروع ہو جاتے ہیں کہ یہ ختم ہو گئے ہیں، ان کے ساتھ یہ کرو وہ کرو۔ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ ہر کسی کی اپنی رائے ہے لیکن ہم اپنے اوپر یقین رکھتے ہیں اور اس کے مطابق کھیلتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح کی گرائونڈ پچز اور بانڈریز ہیں رنز تو زیادہ بننے ہی ہیں، جب ہائی اسکورنگ میچز ہوں گے تو دونوں ٹیموں کے بولرز کو ہی رنز پڑیں گے۔حارث رئوف نے کہا کہ ایک دو بولروں کو رنز نہیں پڑیں گے باقی 4 کو تو رنز پڑیں گے جس طرح کی کنڈیشنز چل رہی ہیں اور آپ پار اسکور سے 15، 20 رنز کم دیتے ہیں تو اس کا مطلب بولرز نے اچھا کیا۔حارث رئوف نے کہا کہ آج کل آپ جتنی ورائٹی کے ساتھ بولنگ کریں گے اتنا اچھا رہتا ہے، ابھی لیگ کا آغاز ہے، اپنی چیزوں کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، اپنی ڈیتھ بولنگ کو بہترین بنانے کے لیے کوشاں ہوں ڈیتھ اوورز میں کہاں بہتری لانی ہے اس پر کام کر رہا ہوں۔حارث رئوف نے کہا کہ میں اپنے اوپر ہونے والی تنقید کو مثبت انداز میں لیتا ہوں،

آپ پر تنقید ہو رہی ہو لیکن دوسروں پر نہیں تو اس کا مطلب ہے لوگوں کو آپ سے بہت توقعات ہیں، جب توقعات پر پورا نہیں اترتے تو لوگ پھر آپ پر باتیں بھی کرتے ہیں، فینز ہیں ان کے جذبات ہیں وہ برداشت نہیں کر پاتے، کوشش ہے کہ توقعات پر پورا اترا جائے ہم خود بھی جذباتی ہو جاتے ہیں اور برداشت نہیں کر پاتے۔انہوں نے کہا کہ یہ کرکٹر کی خوش قسمتی ہوتی ہے کہ وہ ایک ہی ٹیم کے ساتھ لیگ کرکٹ کھیل رہا ہوتا ہے، لاہور قلندرز سے میرا 8 واں ایڈیشن ہے، لاہور قلندرز کا مجھ پر یقین ہے اور میں بھی چیزوں کو بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہوں، کسی بھی ٹیم کے چند اہم کھلاڑی ساتھ ہوں تو پھر ارد گرد نئے لڑکوں کو سیکھنے اور سیٹ ہونے کا موقع ملتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں