لاہور(رپورٹنگ آن لائن )پیپلز پارٹی کے مرکز ی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ ایک سرکاری پارٹی کا ہر دور میں پیپلز پارٹی سے مقابلہ رہا ہے ۔
ہماری قیادت نے حکم دیا ہے کہ 18اکتوبر تک ہتھ ہولا رکھنا ہے ،ہم سیاست کرنے کے قائل ہیں۔وہ شیراز گارڈن شیخوپورہ میں آل پاکستان ٹینکرز ایسوسی ایشن ماچھیکے کے صدر رانا خالد سعید کی خاندان اور ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر جلسے سے خطاب کر رہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ ضیا نے طاقت کے زور پر مزدوروں،طلبا اور کسانوں کو کچلا۔ندیم افضل چن نے کہا کہ حکومتی لوگوں نے قبرستان،اوقاف کی زمینوں پر قبضے کر رکھے ہیں،ہمارے تنظیمی عہدیدار یہاں بیٹھے ہیں۔آپس میں اتفاق پیدا کرنا ہو گا، بلاول بھٹو شیخوپورہ آئینگے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آتی ہے تو نوکریاں دیتی ہے یہ ظالم آ کر ادارے بیچتے ہیں،پی پی حکومت آئیگی تو ملیں چلیں گی اور روزگار ملیگا۔
ہم جاگ پنجابی جاگ کا نعرہ نہیں لگائیں گے ۔پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی علی قاسم گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کی حلیف جماعت ہے جسکے ووٹوں سے وزیراعظم کرسی پر بیٹھا ہے ، ہم پر فرض ہے نہ ہی ہمیں کسی جماعت کی تعریف کرنیکی فیس ملتی ہے ،ہم نے تو وزیر اعظم کی کرسی کو لات ماری ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی شک نہیں کہ راجپوتوں کی انٹری سے مستقبل پیپلز پارٹی کا ہے ، میں اور ندیم افضل چن ملکر،اپنے قائد بلاول بھٹو کو شیخورہ لائینگے ۔
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے حکمرانوں کے نام لئے بغیر کہا کہ پیپلز پارٹی کی وجہ سے آپ حکومت میں بیٹھے ہیں،ہم آپ کو کمزور نہیں کرنا چاہتے نہ جمہوریت کی بساط لپیٹنا چاہتے ہیں،ہم کاشتکار کی بات کرتے ہیں تو اسے آپ سندھ اور پنجاب کی لڑائی بنا دیتے ہیں،پیپلز پارٹی اپنے پنجابی بھائیوں کے حقوق کی جنگ لڑیگی۔اکیلی حکومت کبھی نہیں چلتی۔