فاروق ستار 20

ایک بار پھر ایم کیو ایم کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، فاروق ستار

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایک بار پھر سازش کے تحت ایم کیو ایم کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔کراچی میں ایم کیو ایم کارکن کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فاروق ستار نے کہا کہ ہمارے کارکن کو پر رونق علاقے میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سرجانی اور ملیر کے کامیاب جلسوں کی وجہ سے مخالفین ڈر رہے ہیں، ایم کیو ایم مستحکم ہورہی ہے، ایم این اے کے فنڈز سے ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ آئی جی سندھ اور وزیراعلی مراد علی شاہ حاجی شہزاد کے قاتلوں کو گرفتار کریں۔قبل ازیں نیو کراچی سیکٹر 5 ای میں ایم کیو ایم کارکن حاجی شہزاد کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ایم کیو ایم رہنماوں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نیوکراچی میں چائے کے ہوٹل پر فائرنگ سے واٹر بورڈ کا ملازم جاں بحق ہوگیا تھا۔پولیس کے مطابق بظاہر ٹارگٹڈ کلنگ کی گئی جبکہ ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ جاں بحق شہزاد نیو کراچی یوسی 8 کے جوائنٹ انچارج تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں