جیل آفس آمد۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم پنجاب کی آئی جی جیل آفس آمد۔

جعفر بن یار

دفتر آمد پر آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کی جانب سے پر تپاک استقبال کیا گیا ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم شکیل احمد میاں نے پنجاب کی جیلوں میں مقید اسیران اور جیل ملازمین کی فلاح وبہبود کیلئے پنجاب پرزن فاؤنڈیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے بارہویں اجلاس کی صدارت کی ہے۔

اجلاس میں محکمہ جیل خانہ جات پنجاب اور یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے مابین تحریری معاہدہ کے بعد اگلے چند روز میں سنٹرل جیل لاہور اور ڈسٹرکٹ جیل لاہور پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر یوٹیلیٹی اسٹورز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس کی کامیابی کے بعد پنجاب کی باقی جیلوں میں یوٹیلیٹی اسٹورز قائم کئے جائیں گے۔ ان یوٹیلیٹی اسٹورز سے اسیران ، اسیران کے لواحقین اور جیل ملازمین کی فیملیز کم نرخوں پر معیاری اشیاء کی خریداری کر سکیں گی۔

اس کے علاوہ اسیران کی بنائی گئی مصنوعات کی نمائش اور فروخت کیلئے قائم شدہ “ڈسپلے سنٹر” کی تزئین و آرائش کیلئے 50 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ پنجاب پریزنز فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ بنا کر اس پر بھی یہ مصنوعات ڈسپلے اور سیل کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ جیل کارپٹ انڈسٹری کی بہتری کے لئے کنسلٹنٹ کی تعیناتی کی منظوری دی گئی جو جدید ڈیزائنز پر کارپٹ تیار کروائے گا۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پنجاب کی جیلوں میں اسیران کی انکے گھر والوں سے بات کروانے کے لئے پی سی او بوتھ کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے۔ اس کام کی جلد تکمیل کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ تمام اسیران کو زیادہ وقت کے لئے ہفتے میں دو سے تین مرتبہ اپنے گھر والوں سے بات کرنے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔

اسیران کی آگاہی اور حصول علم کیلئے سنٹرل جیل لاہور اور ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں کمپیوٹر لیبز قائم کی گئی ہیں۔ پنجاب کی باقی جیلوں میں بھی اسیران کیلئے جلد از جلد کمپیوٹر لیبز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پنجاب کی جیلوں میں مقید اسیران کیلئے جیلوں میں ٹک شاپس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جن میں اسیران کیلئے تازہ بیکری آئٹمز دستیاب ہونگی۔

پنجاب کی جیلوں میں موجود خواتین اور نو عمر وارڈز میں بڑے سائز کی ایک سو دس ایل ای ڈیز کی جلد از جلد تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پنجاب کی جیلوں میں اسیران کے تازہ اور گرم کھانے کی جلد ترسیل کے لئے اگلے چند روز میں 129 لوڈ کیریئر گاڑیاں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پنجاب کی جیلوں میں ماہ اگست کے دوران 41 ٹریکٹر ، 41 ٹرالی ، 41 ہل اور 41 بلیڈ بھی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں اسیران سے انکے لواحقین کی ملاقات کے دوران بات کرنے کے لئے جدید طرز کے انٹرکام ایکسینج کی تنصیب اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پنجاب بنک کے تعاون سے “کیش مینجمنٹ سسٹم” کو مزید بہتر اور تمام جیلوں میں لاگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اسیران کے لواحقین جیل پر پیسے جمع کروانے کی بجائے با آسانی پنجاب بنک کی کسی برانچ میں بھی پیسے جمع کروا سکیں۔

پنجاب پریزنز فاؤنڈیشن کے ممبران کے لئے “آن لائن پورٹل” کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ تمام ممبران اپنے کلیم اور گرانٹ کے حصول کیلئے “آن لائن پورٹل” کے ذریعے پنجاب پریزنز فاؤنڈیشن سے رجوع کر سکیں۔