کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کے ملک کے تمام مسائل کی جڑ معیشت ہے ،جس ملک میں رول آف لا ہوگا وہاں معیشت بہتر ہوگی اور جہاں قانون کی حکمرانی نہ ہو وہاں سیاسی استحکام بھی ممکن نہیں۔
پاکستان کنسرنڈ سٹیزنز اور پی ایم اے ہاؤس کے زیرِ اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج سیاست دانوںکی تعداد تو بڑھ گئی ہے لیکن معیار گر چکا ہے ، سیاست میں آنے والوں کے لیے تعلیم، تجربہ اور سیاسی عمل کا حصہ ہونا لازمی ہے ، ایوانوں میں بیٹھے اکثر لوگ عوامی خدمت کے لیے نہیں بلکہ ذاتی مفاد کے لیے آتے ہیں.
اگر قانون کی حکمرانی قائم نہ ہوئی تو پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ اس موقع پرسابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ملک میں حکمران طبقے کو سماجی معاہدے کے تحت قانون کی پابندی کرنی چاہیے ، جہاں قانون کی پاسداری نہیں ہوتی وہاں کاروبار محفوظ رہتا ہے نہ شہری۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور یو اے ای کی ترقی کی بنیاد رول آف لا پر ہے ، پاکستان بھی اسی اصول پر چلے تو آگے بڑھ سکتا ہے ،پاکستان میں دو کروڑ ستر لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں.
جبکہ صوبوں کے پاس وسائل ہونے کے باوجود تعلیمی مسائل حل نہیں کیے جا رہے ۔سیمینار کے اختتام پر مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کی پائیدار ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے قانون کی حکمرانی، شفاف گورننس اور تعلیم میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے ۔