لاہور /کراچی (رپورٹنگ آن لائن)ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آگیا۔ملک بھر میں آٹا، گوشت، سبزیاں اور دالیں سب کی قیمتیں بڑھنے لگیں، کئی شہروں میں آٹے اور دالوں کی قیمت میں 50 روپے اور مرغی کے گوشت کی قیمت میں 100 روپے فی کلو اضافہ ہوا۔لاہور میں ایل پی جی کی بیشتر دکانیں بند ہوگئیں، مختلف شہروں میں ایل پی جی ساڑھے پانچ سو سے ساڑھے چھ سو کے درمیان دستیاب ہے۔بلوچستان بھر میں گندم کا بحران سنگین ہوگیا ہے۔ خضدار ، چاغی، واشک،کیچ اور دیگر اضلاع میں 50 کلو آٹے کی بوری 8 ہزار روپے سے تجاوز کرگئی۔
کوئٹہ میں سبزیوں،گوشت اور دودھ کی قیمتوں میں بھی بیس بیس فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے، شہریوں نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ دری اثناء عمان سے مائع پیٹرولیم گیس(ایل پی جی )لے کر آنے والے 2 بحری جہاز پاکستان پہنچے جس کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان پہنچنے والے دونوں بحری جہاز مجموعی طور پر 7 ہزار 603 میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر پورٹ قاسم پہنچے۔
ایس ایس جی سی کے ٹرمینل پر پریانیس نامی جہاز نے 4 ہزار 250 میٹرک ٹن جبکہ اینگرو ٹرمینل پر الیسا ون نامی جہاز نے 3 ہزار 83 میٹرک ٹن ایل پی جی آف لوڈ کی۔ذرائع کے مطابق (آج) پیر سے ایران کے سرحدی راستے سے بھی ایل پی جی کی رکی ہوئی ترسیل شروع ہونے کا امکان ہے۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق ایل پی جی کی سپلائی میں بہتری آنے سے قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔









