میڈیکل کالج 239

ایل جی ایچ میں غفلت پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی نافذ کر دی گئی: پروفیسر فاروق افضل

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے لاہور جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی سمیت مختلف وارڈز کا دوگھنٹے طویل تفصیلی دورہ کیا، جس کا مقصد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے علاوہ، صفائی، سکیورٹی اور انتظامی نظم و ضبط کا جائزہ لینا تھا۔

اس موقع پر پرنسپل نے واضح کیا کہ محض کاغذات کی حد تک ”سب اچھا” کی رپورٹس دینا اب قابل قبول نہیں ہوگا بلکہ ہسپتال کے ہر شعبے میں عملی طور پر مثبت تبدیلیاں نظر آنی چاہئیں، کیونکہ ایل جی ایچ میں غفلت پر ”زیرو ٹالرنس” کی پالیسی نافذ کر دی گئی ہے اور محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، انتظامی ڈاکٹرز، نرسنگ انتظامیہ و دیگر ہیلتھ پروفیشنلز بھی موجود تھے۔

پروفیسر فاروق افضل نے نرسنگ سپرنٹنڈنٹ آفس میں طویل عرصے سے تعینات نرسنگ سٹاف اور کلریکل عملے کو فوری طور پر تبدیل کرنے کے احکامات جاری کیے اور وہاں فیمیل کلرک کی تعیناتی کی ہدایت کی، جبکہ نجی سکیورٹی کمپنی اور صفائی کے ٹھیکیداروں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ مزید بہتری نہ آنے کی صورت میں قوائد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی.

انہوں نے واضح کہا کہ مریضوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی ہسپتال انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی کرنے والے عملے کی سالانہ خفیہ رپورٹس (ACR) میں ان کی کارکردگی کے حوالے سے اندراج کیا جائے گا، نیز ہسپتال میں ”ایک مریض، ایک تیماردار” کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ طبی عملہ پرسکون ماحول میں فرائض سرانجام دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان اصلاحی اقدامات کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی اور وہ مستقبل میں بھی ایسے اچانک دوروں کے ذریعے صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں