اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) فیڈرل انویسٹیگیشن اتھارٹی(ایف آئی اے) لاہور نے نون لیگ کے صدر شہباز شریف کے الزامات مسترد کر دئیے ، قائد حزب اختلاف کے عدالت میں دیے گئے بیان پر رد عمل میں ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ شہباز شریف کو ہراساں نہیں کیا گیا،
تفصیلات کے مطابق ترجمان ایف آئی اے لاہور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کو ہراساں کرنے یا بدتمیزی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، انہیں بڑی عزت کے ساتھ لایا گیا، دوران تفتیش چائے کافی بھی پیش کی گئی تاہم وہ کسی بھی سوال کا سنجیدہ جواب نہیں دیتے،ترجمان نے کہا کہ شہباز شریف سے سوال اکاﺅنٹس میں اربوں روپے کی رقم جمع ہونے کا کریں تو جواب دیتے ہیں کہ انہوں نے میٹرو بس اور اورنج لائن ٹرین چلائی، پوچھیں کہ ملازمین نے اربوں روپے آپ کے اور فیملی کے اکاﺅنٹس میں جمع کرائے تو کہتے ہیں کہ
انہوں نے پنجاب کی بہت خدمت کی،ترجمان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے پوچھے کہ گاڑیاں اور پراپرٹی کیسے بنائی؟ تو شہباز شریف کہتے ہیں کہ اس کا جواب بچوں سے پوچھیں، بیرون ممالک سے بھجوائی گئی اربوں روپے کی رقم کے بارے میں کہتے ہیں کہ ان کے وکیل جواب دیں گے، اس طرح کے جوابات دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ سوال و جواب ظاہر نہ کیے جائیں۔