اسلام آباد /بینکاک(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے حکومتوں، پارلیمانوں اور کثیرجہتی ترقیاتی بینکوں پر زور دیا ہے کہ ایشیا کے مالیاتی نظام اور بجٹ سازی میں بچوں کے حقوق اور ضروریات کو مرکزی حیثیت دی جائے اور بچوں کی فلاح و بہبود سے متعلق وعدوں کو عملی اور قابلِ پیمائش سرمایہ کاری میں تبدیل کیا جائے۔ وہ بنکاک میں سیو دی چلڈرن کے زیر اہتمام پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کررہے تھے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایشیا اور بحرالکاہل کا خطہ ایک ارب سے زائد بچوں کا مسکن ہے، تاہم خطے کی ترقی کا حقیقی معیار صرف معاشی اشاریے نہیں بلکہ بچوں کی صحت، تعلیم اور فلاح و بہبود کے لیے مختص وسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں بچے معاشی ناہمواری، مالیاتی دبا، موسمیاتی تبدیلی، سپلائی چین میں رکاوٹوں اور ترقیاتی معاونت میں تبدیلیوں سے متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے محدود مالی وسائل کے باوجود صحت اور تعلیم کے اخراجات کو ثانوی ترجیح نہیں بنایا جانا چاہیے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کی صحت اور فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ 2018-19 سے 2024-25 کے دوران حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج 68 فیصد سے بڑھ کر 73 فیصد ہوئی جبکہ نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات 41 سے کم ہو کر 35 فی ہزار زندہ پیدائش اور شیر خوار بچوں کی شرح اموات 60 سے کم ہو کر 47 ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر نشوونما پروگرام کے ذریعے حاملہ خواتین اور دو سال سے کم عمر بچوں کو زندگی کے پہلے ایک ہزار دنوں کے دوران غذائی معاونت اور ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ تعلیم اور ہنرمندی کے شعبوں میں بھی نوجوانوں کو روزگار اور معاشی مواقع سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے زور دیا کہ بچوں کی ضروریات کو قومی منصوبہ بندی اور بجٹ سازی کا مستقل حصہ بنایا جائے اور قرضوں و مالیاتی دبا کے باوجود بچوں کی صحت، تعلیم اور تحفظ کے لیے مختص بجٹ کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانیں قانون سازی، نگرانی اور بجٹ کی منظوری کے ذریعے بچوں کے حقوق کے تحفظ میں مثر کردار ادا کر سکتی ہیں جبکہ کثیرالجہتی ترقیاتی بینکوں اور نجی شعبے کو بھی بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔
چیئرمین سینیٹ نے علاقائی ممالک کے درمیان بچوں سے متعلق عوامی مالیاتی پالیسیوں اور بجٹ سازی کے تجربات کے تبادلے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کے پلیٹ فارم سے بچوں کے حقوق اور ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بچوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور روشن مستقبل کے لیے سیو دی چلڈرن، حکومتوں، پارلیمانوں اور کثیرالجہتی ترقیاتی بینکوں سمیت عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آج کیے جانے والے مالیاتی فیصلے ایشیا کی آنے والی نسلوں کے مستقبل کا تعین کریں گے، اس لیے ایشیا کے مالیاتی نظام میں بچوں کو نمایاں اور مرکزی حیثیت دینا ہوگی۔








