بڈاپسٹ(رپورٹنگ آن لائن)امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنا ایک مشکل امر ہوگا، تاہم واشنگٹن اس سلسلے میں اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائے گا۔
مارکو روبیو نے ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ طے پانا مشکل کام ہے، ہم ہمیشہ سے یہی کہتے آئے ہیں کہ یہ کٹھن ہے لیکن ہم کوشش کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے مذاکرات کار اس وقت وہاں جا رہے ہیں جہاں وہ ملاقاتیں کریں گے، اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا ہوتا ہے، ہمیں امید ہے کہ کوئی معاہدہ طے پا جائے گا۔یوکرین کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے واضح کیا کہ امریکہ تنازعے کے فریقین پر اپنی مرضی کا کوئی معاہدہ مسلط نہیں کر رہا، بلکہ صرف نقطہ نظر کو قریب لانے کے لیے مدد کی پیشکش کر رہا ہے۔
انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہماری تمام تر کوشش یہ ہے کہ اگر ممکن ہو سکے تو کسی معاہدے تک پہنچنے میں اپنا کردار ادا کریں، ہم کسی پر کوئی حل مسلط کرنے کی کوشش نہیں کر رہے اور نہ ہی کسی فریق کو ایسا معاہدہ قبول کرنے پر مجبور کر رہے ہیں جو اسے پسند نہ ہو، ہم صرف ان کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے عہد کیا کہ ان کا ملک یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا کیونکہ اس مقصد میں کامیابی سے دنیا ایک بہتر جگہ بن جائے گی۔









