ٹرمپ 38

ایران کو یورینیم افزودگی کی اجازت نہیں دی جائے گی، ٹرمپ

جنیوا (رپورٹنگ آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ایران کو 20 فیصد تک بھی یورینیم افزودگی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔جنیوا میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات کے تیسرے دور کے ایک روز بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ایران سویلین مقاصد کے لیے بھی کسی قسم کی یورینیم افزودگی کرے۔انہوں نے ریاست ٹیکساس کے ساحلی شہر کارپس کرسٹی میں ایک تقریب سے قبل مزید کہا کہ ایران اپنی دولت میں اضافہ کرنا چاہتا ہے لیکن اسے تیل کی اتنی بڑی مقدار کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے تہران پر الزام عائد کیا کہ وہ اس معاملے میں زیادہ سنجیدگی دکھانے کا خواہش مند نہیں ہے اور ان کے بقول یہ انتہائی افسوسناک امر ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر اپنے عدم اطمینان کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ میں کہتا ہوں کہ کوئی افزودگی نہیں ہوگی۔ نہ 20 فیصد اور نہ ہی 30 فیصد۔ وہ ہمیشہ 20 یا 30 فیصد کا مطالبہ کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ سویلین مقاصد کے لیے ہے لیکن آپ جانتے ہیں کہ یہ سویلین مقاصد کے لیے نہیں ہے۔ انہوں نے بارہا دہرایا کہ وہ مذاکرات کی پیش رفت سے مطمئن نہیں ہیں۔تاہم اس کے باوجود انہوں نے واضح کیا کہ وہ پرامن طریقے سے معاملات چلانے کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ ایک اہم فیصلہ کیا جانا باقی ہے جو کہ آسان نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں