واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ امریکہ کو مشرق وسطی میں برطانوی طیارہ بردار بحری جہاز بھیجنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے سخت لہجے میں خبردار کیا کہ ایران کے ساتھ جنگ میں برطانوی تعاون کی کمی کو وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ ان تند و تیز بیانات نے واشنگٹن اور لندن کے درمیان روایتی خصوصی تعلقات میں دراڑیں ڈال دی ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ انہوں نے برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر کو بتا دیا ہے کہ اب امریکہ کو برطانوی امداد کی حاجت نہیں رہی کیونکہ ان کا ملک پہلے ہی یہ جنگ جیت چکا ہے۔
امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ برطانیہ جو کبھی ہمارا عظیم ترین اتحادی تھا، اب مشرق وسطی میں اپنے دو طیارہ بردار بحری جہاز بھیجنے پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔ ٹھیک ہے وزیراعظم سٹارمر، اب ہمیں ان کی ضرورت نہیں ہے لیکن ہم یہ رویہ یاد رکھیں گے۔ ہمیں ان لوگوں کی ضرورت نہیں جو جنگ جیت لینے کے بعد صفوں میں شامل ہونے آتے ہیں۔








