تل ابیب (رپورٹنگ آن لائن)اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران اور اس کے اتحادیوں سے لڑائی جاری رکھیں گے۔اپنے ایک بیان میں نیتن یاہو نے ترک صدر رجب طیب اردوان پر ایران کو سہولت فراہم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ترک صدر پرکردوں کے قتل عام میں ملوث ہونیکا بھی الزام لگایا۔اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ایران اور اس کے اتحادیوں سے لڑائی جاری رکھیں گے۔
ترک صدارتی دفتر کے کمیونیکیشن امور کے سر برا ہ برہا نیتن دوران Burhanettin Duran نے کہا کہ نیتن یاہوکی غزہ میں نسل کشی اور خطے کے7ممالک پر حملے جاری ہیں، نیتن یاہو ترک صدر کو نشانہ بنانے کی خوش فہمی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو مجرم ہے جن کے گرفتاری کے وارنٹ جاری ہوچکے ہیں، نیتن یاہو اپنی سیاسی بقا کے لیے خطے کو کشیدگی اور تصادم میں دھکیلنا چاہتا ہے، سب جانتے ہیں اسرائیلی وزیراعظم دوسروں کو درس دینے کی اخلاقی اورقانونی حیثیت کھو چکا ہے، نیتن یاہوکو بالآخر انسانیت کیخلاف جرائم کا ذمیدار ٹھہرایا جائے گا۔









