لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر ریلویز محمد حنیف عباسی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی مدبرانہ قیادت میں عالمی سطح پر بڑی سفارتی کامیابی حاصل ہوئی ، ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کا کلیدی کردار قابلِ فخر ہے ۔
انہوں نے اپنے بیان مین کہا کہ مارشل عاصم منیر کی اسٹریٹجک رہنمائی نے خطے میں امن کے قیام کو ممکن بنایا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بصیرت افروز قیادت پاکستان کی دفاعی و سفارتی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی فعال اور متحرک سفارتی کاوشوں نے جنگ بندی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔وفاقی وزیر ریلویز نے کہا کہ پاکستان نے خطے کو ممکنہ تباہی سے بچا کر امن کا پرچم بلند کیا، یہ کامیابی اعلی قیادت، بصیرت اور مثر سفارتکاری کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر عالمی امن کے لیے اپنی صلاحیت منوا لی، اسلام آباد میں کامیاب سفارتی کاوشیں خطے میں پائیدار امن کی جانب سنگِ میل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا امن، استحکام اور مکالمے کے فروغ کے لیے کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے، یہ تاریخی کامیابی پاکستان کے روشن اور مضبوط عالمی تشخص کی عکاس ہے، دنیا پاکستان کی تعمیری اور مثبت سفارتکاری کو تسلیم کرنے پر مجبور ہو چکی ہے، مستقبل میں بھی پاکستان امن، ترقی اور علاقائی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔








