اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے قومی اسمبلی کو جعلی قرار دینے اور ایک جج کی جانب سے ایوان کے بارے میں ریمارکس کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے وزیر قانون کو ہدایت دی ہے کہ وہ معزز جج کو پیغام دیں کہ اس طرح کا بیان پارلیمنٹ کیلئے قابل قبول نہیں ہے۔
منگل کوقومی اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ایوان کو جعلی قرار دیا جس پر سپیکرقومی اسمبلی نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ انہوں نے پہلے بھی کہا تھا کہ یہ جعلی اسمبلی ہے۔انہوںنے کہاکہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ ان کے دور میں اسمبلی جعلی نہ ہو اور دوسروں کے دور میں جعلی ہو، جعلی پارلیمنٹ کہہ کر تنخواہیں بھی لے لیتے ہیں، جو تنخواہ نہیں لینا چاہتا لکھ کر دے دیں۔
ایاز صادق نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج نے پارلیمنٹ سے متعلق الفاظ استعمال کیے، معزز جج نے کہا ایگزیکٹو اور جوڈیشری کلیپس کر گئی۔سپیکر قومی اسمبلی نے وزیر قانون کو معزز کو پیغام پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی پارلیمنٹ کے کیخلاف بیان دینے کا حق حاصل نہیں، معزز جج کو پیغام پہنچائیں اس طرح کا بیان پارلیمنٹ کیلئے قابل قبول نہیں۔