پروفیسر 42

ای ڈی پنز کا دورہ چین: ووہان یونیورسٹی اور پاکستان کے درمیان تاریخی معاہدہ طے پا گیا

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز (PINS) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیر نے چین کے حالیہ دورے کے دوران بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے طب بالخصوص نیوروسرجری کے شعبے میں بڑی کامیابی حاصل کر لی۔

انہوں نے ”بیلٹ اینڈ روڈ پاکستان-چین نیوروسرجری انٹرنیشنل سمپوزیم” میں شرکت کی، جہاں دونوں ممالک کے ماہرین نے جدید تحقیق اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔دورے کے دوران پروفیسر آصف بشیر نے ووہان یونیورسٹی کے ساتھ ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے، جسے نیورو سائنسز کے میدان میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس معاہدے کے تحت پاکستانی نیورو سرجنز، خصوصاً نوجوان ڈاکٹرز کو چین کی بہترین جامعات میں جدید ترین طبی تربیت اور مہارتیں حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں گے، جس سے ملک میں نیوروسرجری کی خدمات کو عالمی معیار کے مطابق استوار کرنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر آصف بشیر نے کہا کہ یہ اشتراک پاکستان اور چین کے درمیان طبی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کے تبادلے سے پاکستانی مریضوں کو بین الاقوامی سطح کی سستی اور معیاری علاج کی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ”صحت مند پنجاب” وژن کے عین مطابق ہے، جس کا مقصد صوبے بھر کے ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ اس اشتراک سے نہ صرف طبی ماہرین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ مجموعی طور پر پاکستان کے شعبہ صحت کو مضبوط بنیادیں میسر آئیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں