ریاض(رپورٹنگ آن لائن)سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ اہم معدنیات کی بڑھتی ہوئی طلب بڑا چیلنج ہے، عالمی سطح پر اہم معدنیات کا محفوظ ذخیرہ حاصل کرنے کی دوڑ لگی ہے۔
عرب میڈیاکے مطابق انہوں نے بین الاقوامی کان کنی کانفرنس و نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ توانائی کے تحفظ کے حوالے سے کان کنی کا شعبہ ایک سنجیدہ ایشو ہے،ہم ایسے دور سے بھی گزرے ہیں جب ہر کوئی توانائی کے تحفظ اور مشرق وسطی میں تیل کی سپلائی کو محفوظ بنانے کی باتیں کرتے تھے تاہم اب توانائی کے تحفظ کے حوالے سے تیل کوئی بڑا چیلنج نہیں۔
سعودی وزیر توانائی نے کہا کہ توانائی کا تحفظ محض گیس فراہم کرنے میں نہیں بلکہ جیسا کہ 2022میں دیکھا گیا تھا اس کیلئے بنیادی انفرا سٹرکچر کی فراہمی اور پائیدار و مستقل بنیادوں پر مارکیٹ کی اہمیت ہے،یہی اصول بجلی پر بھی لاگو ہوتا ہے یعنی محض پیداوار ہی کافی نہیں بلکہ اس کی منتقلی اور سپلائی اہم ہے.
ہر نظام کا اپنا طریقہ کار ہوتا ہے جس پر لاگت بھی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالاخر ہمیں معدنیات، کانوں اور دھاتوں کی ضرورت ہے،آج عالمی سطح پر دھاتوں کی بڑھتی ہوئی طلب ہمارے سامنے ہے،لیتھیم اور تابنا کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہورہا ہے،لیتھیم کی طلب میں 7گنا اضافہ ہوا ہے۔