چوہدری فواد حسین

اپوزیشن جماعتیں پوائنٹ سکورننگ کے لئے نیب کی مجوزہ اصلاحات پر سیاست کر رہی ہیں، چوہدری فواد حسین

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو کا سسٹم پاکستان مسلم لیگ ن نے بنایاتھا اور نظام کی بہتری کے لئے اس میں ترا میم کی ضرورت ہے۔

جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے دورحکومت میں نیب میں اپنے کارکنوں اور سپورٹرز کی بھرتیاں کیں اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ سسٹم میں اصلاحات لائی جائیں تاکہ ادارہ کی کارکردگی بہتر بنائی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پوائنٹ سکورننگ کے لئے نیب کی مجوزہ اصلاحات پر سیاست کر رہی ہیں اور اس عمل میں حکومتی کوششوں میں رکاوٹ پیدا کر رہی ہیں ۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت شفاف احتسابی عمل پر یقین رکھتی ہے تاکہ لٹیروں سے لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لائی جاسکے اور اس رقم کو پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے استعمال کیا جاسکے انھوں نے کہا کہ وفاق صوبوں میں ترقیاتی کاموں کے لئے تین ہزار ارب روپے دے گا۔

انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے جائزہ کی ضرورت ہے تاکہ اس میں شفافیت لائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے 18ویں ترمیم میں پی پی پی کی غلطیوں کی نشاندہی کی ہے ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے انتھک کوششں کر رہی انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ عالمی وباء سے بچاؤ کے لئے ایس او پیز پر پوری طرح عمل کریں۔