اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) او آئی سی وزرائے خارجہ کا 48 واں غیر معمولی اجلاس 19 دسمبر کو اسلام آباد میں ہو گا۔ اجلاس میں افغانستان میں جنم لیتے انسانی المیے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
1974 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ او آئی سی وزراء خارجہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔اسلامی تعاون تنظیم کا 48واں اجلاس 19 دسمبر کو اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا اجلاس کی میزبانی 1974 کے بعد پاکستان کے حصے میں آئی ہے۔ 29 نومبر کو سعودی عرب نے اعلان کیا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس اسلام آباد میں ہو گا جس میں افغانستان سے دو دہائیوں بعد ہونیوالے امریکی انخلاء اور اس کے بعد پیدا ہونیوالی صورت حال پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں او آئی سی کے 57 رکن ممالک کو دعوت نامے ارسال کئے گئے ہیں جبکہ پی فائیو ممالک کے نمائندوں کو خصوصی شرکت کیلئے دعوت دی گئی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں زیادہ سے زیادہ ممالک کی شرکت متوقع ہے اور اس حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر جوابات موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔دفتر خارجہ کے مطابق افغانستان میں امریکی انخلاء کے بعد سے جنم لیتے انسانی المیے اور معاشی و اقتصادی بحران پر پاکستان کی جانب سے مو¿ثر اور بھرپور سفارتکاری کا سلسلہ جاری ہے اور اب اس بیٹھک کا مقصد بھی دنیا کی توجہ افغانستان کی معاشی بدحالی کی طرف مبذول کروانی ہے۔