وزیرخارجہ

او آئی سی اجلاس سے قبل ہی دنیا میں ہماری آواز پہنچ گئی، وزیر خارجہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ او آئی سی اجلاس سے قبل ہی دنیا میں ہماری آواز پہنچ گئی، اس وقت افغانستان میں خوراک اور ادویات کی ضرورت ہے، افغانستان کے معاشی حالات عالمی برادری کی توجہ کے طالب ہیں۔

اتوار کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں او آئی سی اجلاس سے پہلے ہی کامیابی ہوئی ہے اور دنیا میں ہماری آواز پہنچ گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت افغانستان میں خوراک اور ادویات کی ضرورت ہے جبکہ افغانستان میں تنخواہوں کے لیے رقم کی بھی ضرورت ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کے معاشی حالات عالمی برادری کی توجہ کے طالب ہیں۔

ہم امریکہ، یورپی یونین و دیگر کو افغانستان کی صورتحال کا احساس دلانے میں کامیاب ہوئے۔ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان نازک صورتحال سے دوچار ہے اور اگر دنیا نے توجہ نہ دی توافغانستان میں انسانی بحران شدت اختیار کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے مفاد میں ہے کہ افغانستان کی صورتحال نہ بگڑے کیونکہ اگر مہاجرین کا بحران پیدا ہوا تو وہ پاکستان اور ایران تک محدود نہیں رہے گا۔ مہاجرین روزگار کے لیے یورپ کے دروازوں پر بھی دستک دیں گے۔