جکارتہ(رپورٹنگ آن لائن)انڈونیشیا کے مشرقی نوساتنگارا صوبے کے ضلع لیمباتا میں الی لیووٹولوک آتش فشاں پھٹنے کے باعث مجموعی طور پر 4 ہزار 628 افراد بے گھر ہو گئے ہیں ۔انڈونیشیا کی قومی آفات انتظامیہ ایجنسی نے پیر کے روز بتایا کہ انخلا کرنیوالوں کو 7 نقل مکانی کے مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔
جس میں سے پرانے ضلعی دفتر میں 3 ہزار 672 ، علاقائی سول سروس دفتر میں 338، تاپولانگو میں 287، انقرہ ہال میں 148 ، وسطی لیوولیبا گاں میں 140 ، ہارنوس فیلڈ میں 28 اور باپانا گاں میں 15 افراد کو رکھا گیا ہے۔اہلکاروں نے انخلا کرنیوالوں کیلئے صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عوامی کچن اور صحت کے مراکز بھی قائم کر دیے ہیں۔
فی الحال انہیں انخلا کرنیوالے افراد کیلئے خیموں ، بچوں اور نومولودوں کی ضرورت کا سامان ، ماسک ، کمبل ، بستروں ، ترپالوں اور بچوں کو صدمے سے باہر نکالنے کیلئے سہولیات کی قلت کا سامنا ہے۔اتوار کے روز الی لیووٹولوک 10 منٹ کیلئے بھڑک اٹھا تھا جس سے آسمان پر 4 ہزار میٹر تک راکھ بکھر گئی تھی۔









