لاہور(رپورٹنگ آن لائن)انٹر نیشنل ائیر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے خلیجی ممالک میں لیبر ویزے پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے معاملے پر چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریو نیو کو خط لکھ دیا۔
ایاٹا کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ ائیرلائنز کے لئے مخصوص قسم کے ویزا رکھنے والے مسافروں میں فرق اور تصدیق کرنے میں مشکلات ہوں گی ،ائیرلائنز کے لئے ٹکٹ فروخت کرتے ہوئے ان مسافروں کی شناخت کرنا انتہائی مشکل ہے جن کے پاس لیبر ویزا ہو۔خط کے متن کے مطابق ایئرلائنز عام طور پر صرف ان ویزوں کو چیک کرتی ہیں جو مسافروں کے پاس چیک ان کے دوران ہوتے ہیں۔
ایاٹاکی جانب سے تجویزدی گئی کہ اکنامی کلاس میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں کمی تمام گلف اورافریقی ممالک کیلئے ہونی چاہیے اگریہ ممکن نہ ہو تو گلف ممالک جانے والی تمام اکنامی پروازوں میں ایف ای ڈی میں رعایت ہونی چاہیے۔ایف ای ڈی میں 7 اگست میں دوبارہ تبدیلی کی گئی اوراس کو 10 اگست سے نافذ کرنے کاکہاگیا ۔ایاٹا نے تجویز دی کہ حکومت ٹکٹوں کے ٹیکسوں میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کیلئے کم از کم 6 ماہ کا وقت دے۔
٭٭٭٭٭