لاہور (رپورٹنگ آن لائن) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی میں بار اور بینچ کا اہم کردار ہے، وکلاءاور جج صاحبان کے درمیان ہم آہنگی کا فروغ بہت اہم ہے اور وکلاءکے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے۔
لاہور میں پنجاب بار کونسل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہڑتال کلچر کے خاتمے پر وکلاءکو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کیونکہ نظام عدل میں جمہوری روایات کا فروغ ہماری ترجیح ہے، انہی جمہوری اقدار سے ہم آگے بڑھیں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہر معاملے پر وکلاءکو اعتماد میں لیتے ہیں اور وکلاءسے تمام معاملات پر مشاورت کی جاتی ہے جبکہ وکلاءاور ججز کے درمیان دیوار کو گرا دیا ہے، عدالتوں میں ججز کی تعیناتی پر وکلاءکو اعتماد میں لیا گیا جبکہ ججز اور وکلاءباہمی مشاورت کے ساتھ انصاف فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وکلاءکو جج صاحبان کے سامنے پر تشدد نہیں ہونا چاہیے اور کوشش ہے کہ سسٹم میں جمہوری اقدار لے کر آئیں گے، وکلاءاور ججز میں کوئی تفریق نہیں ہے جبکہ خواہش ہے وکلاءبرادری سیکھنے کے عمل میں ثابت قدم رہے گی