اوکاڑہ
( شیر محمد)
وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے ویژن “انصاف کی فراہمی دہلیز تک” کے تحت اوکاڑہ میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے عوامی مسائل کے حل اور پولیس سروس ڈلیوری کو یقینی بنانے کے لیے ایک مصروف دن گزارا اور مختلف مقامات پر کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا۔
ڈی پی او نے ایک ہی دن میں چار مختلف مقامات پر کھلی کچہریاں لگائیں، جن میں دو مساجد اور دو قصبات شامل تھے۔ دیپالپور سرکل کے تینوں تھانوں کی حدود میں کھلی کچہریاں منعقد ہوئیں، جن میں جامعہ مسجد فخریہ نظامیہ (تھانہ حجرہ شاہ مقیم)، ایجوکیٹر سکول اڈا صالحوال (تھانہ صدر دیپالپور) اور بابے لال والی مسجد فرید کوٹ (تھانہ سٹی دیپالپور) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ رینالہ خورد سرکل میں رولر ہیلتھ سینٹر، دیہی مرکز شیرگڑھ (تھانہ شیرگڑھ) میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
ان کھلی کچہریوں میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل براہِ راست پیش کیے۔ ڈی پی او نے عوامی شکایات سننے کے بعد موقع پر ہی قانونی احکامات جاری کیے تاکہ مسائل کا فوری اور شفاف حل یقینی بنایا جا سکے۔
ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کی فضا قائم رکھنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کے مسائل ان کے پاس جا کر حل کرنا ہی کھلی کچہری کا اصل مقصد ہے، تاکہ انصاف اور سہولت واقعی دہلیز تک پہنچائی جا سکے۔









