ممبئی (ر پورٹنگ آن لائن) بالی ووڈ کے سینئر اداکار امیتابھ بچن نے سوشل میڈیا پر اداکار کی ایک تصویر پر تشویش کا اظہار کرنے والے ایک مداح کی پریشانی دور کردی۔ امیتابھ بچن نے حال ہی میں اپنے بلاگ پر اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے، جس میں وہ کافی تھکے ہوئے نظر آرہے ہیں۔اْن کی اس تصویر کو ایک مداح نے ٹوئٹر پر امیتابھ بچن کو ٹیگ کرکے شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’ سر، آپ اس تصویر میں بہت تھکے ہوئے نظر آرہے ہیں’۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ اس تصویر میں امیتابھ بچن جو جیکٹ پہنے نظر آرہے ہیں اس کے اوپر لگے ایک بیج پر لکھا ہے’نو سلیپ کلب’۔ تو اداکار نے مداح کے ٹوئٹ کا اپنی جیکٹ پر لگے اس پیج کا حوالہ دیتے ہوئے جواب دیا کہ ‘وہ رات بھر سو نہیں سکے، آپ نے جیکٹ کے اوپر لگا ہوا بیج نہیں پڑھا’۔