فیاض الحسن چوہان

امپورٹڈ حکومت عمران خان کی مقبولیت سے گھبرا کر انہیں ہر حالت میں جیل بھجوانا چاہتی ہے‘ فیاض الحسن چوہان

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما اور پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت عمران خان کی مقبولیت سے گھبرا کر انہیں ہر حالت میں مقدمات میں پھنسا کر جیل بھجوانا چاہتی ہے‘ حالیہ الیکشنز میں عوام نے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کردیا ہے‘ فیاض الحسن چوہان سے لے کر عمران خان تک سب ایک سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں‘ بارہ جماعتی مکس اچار پہلے بھی ناکام ہوا ہے آئندہ بھی ہوگا۔

بدھ کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثناءاﷲ جتنے چاہیں بے بنیاد مقدمات عمران خان اور اس کی ٹیم پر قائم کریں ہم گھبرانے والے نہیں۔ امپورٹڈ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں۔ اپنی کشتی کو ڈوبتا دیکھ کر وہ ہر روز نئی نئی چالیں چل رہے ہیں لیکن انہیں اس میں ناکامی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پر غداری کا مقدمہ احمقانہ سوچ ہے پاکستان کے کروڑوں عوام کے دلوں میں عمران خان بستے ہیں۔ پنجاب کے الیکشن ہوں یا گزشتہ دو دن میں سندھ میں ہونے والے قومی اسمبلی کے الیکشن عوام نے بھاری تعداد میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کو کامیاب کرکے بتا دیا ہے کہ وہ کس کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کراچی میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے وہاں پر چالیس سال سے ایم کیو ایم براجمان ہے جبکہ جے یو پی بھی وہاں مضبوط گڑھ رکھتی تھی لیکن اس کے باوجود پی ٹی آئی کے امیدوار نے دو تہائی سے زیادہ اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر یونین کونسل میں جے یو آئی سمیت تمام جماعتوں نے ایم کیو ایم کے امیدوار کو کامیاب کرنے کے لئے بھرپور زور لگایا لیکن ناکامی ہوئی۔

عمران خان نے راولپنڈی میں تپتی دھوپ میں دوپہر کے وقت دو دن کے مختصر نوٹس پر کامیاب جلسہ کیا جبکہ ہری پور میں بھی کرنے جارہے ہیں۔ وہ دباﺅ میں آنے والے نہیں اور نہ ہی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے دبیں گے۔