شیخ رشید

امپائر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، شیخ رشید

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ امپائر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں،معاملات افہام وتفہیم سے حل کریں، معاملات حل نہ ہوئے تو دمام دم مست قلندر ہوگا، لوگ مہنگائی کوبھول کران چوروں کے پیچھے پڑ گئے، بولیاں لگ رہی ہیں، بکنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوتے، عمران خان پہلے یہ جلسے کرتے تو عدم اعتماد کی تحریک نہ آتی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے جلسے کرنے میں دیر کی، تصادم، لڑائی جھگڑا نہیں ہونا چاہیے، جوگھروں سے باہرنہیں نکلتے تھے وہ بھی ملاقاتیں کررہے ہیں، بعض ارکان کوخطرہ ہے کہ آئندہ الیکشن میں ٹکٹ ملے گا یا نہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ٹکٹ کی یقین دہانی اپوزیشن نے نہیں ہم نے کرانی ہے، چوہدری برادران کومشورہ ہےعمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں، چوہدری برادران کوصرف مشورہ دے سکتا ہوں، فیصلہ انہوں نے کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ملک میں انارکی پھیلانے سے گریزکرے، غیرت مند مشکل وقت میں دوستوں کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، مشکل وقت میں پیٹ دکھانے والوں کوقوم لیڈرنہیں مانتی، سامراجی سنڈیوں کوتلف کردیا جائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ الیکشن میں ایک سال رہ گیا، یہ نہ ہو10سال انتظارکرنا پڑ جائے، یقین ہےاتحادی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے، ان کی بیوقوفیوں سےعمران خان زیادہ مقبول ہوگئے، خوشی ہے اتحادی ہمارے ساتھ ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس172ووٹ مکمل نہیں، ہمارےاتحادی انجوائے کررہے ہیں، اتحادی واپس عمران خان کے پاس لوٹیں گے، مولانا فضل الرحمان حالات کوسمجھیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانافضل الرحمان4ماہ سےلانگ مارچ کی باتیں کررہے ہیں، مولاجٹ کی سیاست نہیں چلےگی، نتائج خطرناک ہوسکتے ہیں، ہوسکتا ہے عدم اعتماد کی جگہ کچھ اورنکل آئے۔ شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آبادمیں آئیں، سیکیورٹی فراہم کریں گے، یہ ہفتہ جوڈوکراٹے کی سیاست کا ہے۔