واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن)امریکی کانگریس کی جانب سے پاک بھارت جنگ سے متعلق جاری کی گئی رپورٹ پر بھارتی اپوزیشن کے رہنما جے رام رمیش نے نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی کانگریس رپورٹ جنگی میدان میں پاکستان کی بھارت پر فتح کی بات کرتی ہے، بھارتی شکست پر مودی کو اپنی مجرمانہ خاموشی توڑنی چاہیے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جیرام رمیش نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی کانگریس رپورٹ جنگی میدان میں پاکستان کی بھارت پر فتح کی بات کرتی ہے، بھارتی شکست پر مودی کو اپنی مجرمانہ خاموشی توڑنی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ امریکی کانگریس کی رپورٹ نے ہمارے سفارتی وفد کی اہلیت پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں، یہ سفارتی محاذ پر بھارت کے لیے ایک اور سیٹ بیک ہے۔
واضح رہے کہ امریکی کانگریس کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مئی میں پاک بھارت جنگ میں پاکستان نے بھارت پر فوجی برتری حاصل کی، چار روزہ لڑائی کے دوران چین کے ہتھیاروں کے ساتھ پاکستان کی کارکردگی نمایاں رہی۔رپورٹ کے مطابق پہلی بار چین کے جدید ہتھیار HQـ9 میزائل ڈیفنس سسٹم، PLـ15 میزائل اور Jـ10 لڑاکا طیارے براہِ راست جنگ میں استعمال ہوئے۔چین نے جون 2025ء میں پاکستان کو Jـ35 جدید لڑاکا طیارے، KJـ500 ایئرکرافٹ اور بیلسٹک میزائل ڈیفنس سسٹمز فروخت کرنے کی منظوری دی تھی۔









