مارکو روبیو 12

امریکی وزیرِ خارجہ کا لبنانی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ ، علاقائی صورتِ حال پر تبادلہ خیال

بیروت(رپورٹنگ آن لائن)امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے لبنان کے صدر جوزف عون سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور حالیہ پیش رفت کی روشنی میں لبنان اور علاقے کی عمومی صورتِ حال کا جائزہ لیا۔

عرب ٹی وی کے مطابق لبنانی صدارت نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ اس بات چیت میں جنوبی دیہات اور قصبوں پر مسلسل اسرائیلی جارحیت کی روشنی میں جنوب کی صورتِ حال پر بھی بات کی گئی۔بیان میں اشارہ کیا گیا کہ لبنان کے صدر جوزف عون نے مارکو روبیو سے ان جارحانہ کارروائیوں کو روکنے کے لیے اسرائیل پر دبا ئوڈالنے، فریم ورک معاہدے کے نکات کی پابندی کرنے، بلڈوزنگ کے کاموں کو روکنے اور کسانوں کو اپنے کھیتوں تک پہنچنے کے قابل بنانے اور ان کو نقصان نہ پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

بات چیت کے دوران صدر جوزف عون نے امریکی وزیر خارجہ سے کہا کہ فوج اور سکیورٹی فورسز مسلح مظاہروں کو روکنے، اسلحہ و بارود ضبط کرنے اور سمگلنگ کا مقابلہ کرنے سے متعلق فیصلوں پر عمل درآمد میں اپنی ذمہ داریاں مکمل طور پر ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں درج کیے گئے اقدامات اسی سیاق و سباق میں سامنے آئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ عدالتی ادارے ان تمام فائلوں کی پیروی کر رہے ہیں جو انہیں بھیجی جاتی ہیں اور جرم کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی ۔ قوانین بغیر کسی مراعات کے نافذ کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں