امریکی 187

امریکی محکمہ خارجہ کا داعش کے سعودی ہمدرد کی سزائے قید پر اظہارِتشویش

واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن)امریکا کے محکمہ خارجہ نے سعودی عرب میں داعش کی مالی معاونت پر سزا پانے والے شخص کو امدادی کارکن قرار دے دیا ہے اور اس کوسنائی گئی کڑی سزا پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں ان اطلاعات پر تشویش لاحق ہے کہ سعودی عرب میں انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے امدادی کارکن عبدالرحمن الساضن کو 20 سال قید کی سزا سنائی ہے اوریہ سزا بھگتنے کے بعد ان پر 20 سال کے لیے سفری پابندی عاید کردی ہے۔سعودی عرب کے پبلک پراسیکیوشن نے الساضن پر انسداد دہشت گردی کے جرائم کے قانون کے تحت فردجرم عاید کی تھی۔ان پر دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت اور داعش کے اقدامات کو جائز قرار دینے،داعش مخالف جنگ میں شامل ممالک کے خلاف حملوں کے لیے جذبات کو مشتعل کرنے اور ان ممالک کی فوجوں پر حملوں کی حمایت کے الزام میں بھی فرد جرم عاید کی گئی تھی۔

سعودی حکام نے خصوصی فوجداری عدالت میں الساضن کے خلاف مذکورہ جرائم کے ثبوت پیش کیے تھے۔اس کے علاوہ انھوں نے یہ بھی اعتراف کیا تھا کہ انھوں نے ہی داعش کے حق میں ٹویٹس پوسٹ کی تھیں۔سوشل میڈیا پر سعودی عرب کے شاہی خاندان کی دو شخصیات سمیت متعدد افراد نے اس امر کی نشان دہی کی ہے کہ الساضن داعش کے ہمدرد تھے اور وہ کوئی امدادی کارکن نہیں تھے۔وہ اکثر سعودی عرب اور دوسرے ممالک پر داعش کو حملوں کی ترغیب دیتے رہتے تھے۔الساضن نے 2014 میں پوسٹ کی گئی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ داعش کو ان ممالک پر حملوں کا پورا پورا حق حاصل ہے جنھوں نے شام اور عراق میں اس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔انھوں نے ایک اور ٹویٹ میں داعش کے جنگجوں کومجاہدین قرار دیا تھا۔جولائی 2014 میں ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ جو اسرائیلی عورتیں آرمی میں بھرتی ہوتی ہیں،انھیں اٹھا کراور مارکیٹ میں لاکر فروخت کردیا جائے۔سعودی شہزادے طلال الفیصل نے بھی الساضن کی بعض ٹویٹس شئیر کی ہیں۔ان میں بھی ان صاحب نے داعش کی حمایت کا اظہار کیا تھا۔ایک اور سعودی شہزادے عبدالرحمان بن مسعد نے لکھا ہے کہ اگر سعودی عرب الساضن ایسے افراد کے خلاف کریک ڈان نہیں کرتا تواس طرح کے دوسرے لوگ اور داعش کے جنگجو تشدد کو بروئے کار لائیں گے اور خطے میں دہشت گردی کے حملے کرسکتے ہیں۔ ان شواہد کے باوجود امریکا کا محکمہ خارجہ انھیں ایک امدادی کارکن قرار دے رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں