لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی معاشی اور فوجی طاقت امریکہ اور تقریباً نصف صدی سے عالمی پابندیوں کے شکا ر ایران کو ایک میز پر بٹھانے کے لئے وزیر اعظم شہباز شریف ، نائب وزیر اعظم اسحق ڈار اور فیلڈ مارشل کی کوششوں کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے ، سفارتکار ی کی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے والی یہ کوشش پاکستان کو عالمی سطح پر ایک نئی عزت اور احترام عطا کر رہی ہے ، ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ اپنی اس نئی پہچان اور احترام کو اپنی قومی پہچان بنائیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں ملاقات کے لئے آنے والے علاقہ عمائدین اور کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ ایک نام نہاد سیاسی جماعت نے پاکستان کی ساکھ کو بری طرح مجروح کرنے کی کوشش کی لیکن خدا کی ذات نے انہیں ان کے منصوبوں میں ناکام بنایا اور آج دنیا بھر میں ہر طرف پاکستان کے نام کا ڈنکا بج رہا ہے ،
منفی سیاست کرنے والے آج اپنے ہاتھوں سے اپنے چہرے کونوچ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایران ، امریکہ جنگ کی وجہ سے ساری دنیا معاشی طور پر دبائو کا شکار ہے ، توانائی کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں لیکن صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی رہنمائی اور وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں دور اندیش اقدامات سے عوام کو جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی بوجھ سے کسی نہ کسی حد تک ریلیف دیا گیا ہے ، عالمی منڈی میں پیٹرولیم کی قیمتیں کم ہونے پر اس کا ریلیف بروقت عوام کو منتقل کیا گیا اور اللہ تعالیٰ کی مدد حاصل رہی تو آنے والے دنوں میں مزید ریلیف اور خوشخبریاں ملیں گی۔








