محمد جاوید قصوری 44

امریکہ، اسرائیل اور ایران کی جنگ نے پورے خطے کو معاشی چیلنجز سے دوچار کر دیا ہے’ جاوید قصوری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ نے پورے خطے کو شدید معاشی چیلنجز سے دوچار کر دیا ہے جس کے اثرات پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی واضح طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں، عالمی سطح پر کشیدگی کے باعث تیل اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے نے مہنگائی کا ایک نیا طوفان برپا کر دیا ہے جس سے عام آدمی کی زندگی مزید مشکل ہو گئی ہے،رہی سہی کسر موجودہ حکمرانوں کی ڈنگ ٹپائو پالیسیوں نے پوری کر دی ہے ۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گزشتہ روز عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلے ہی مہنگائی کی شرح بلند تھی لیکن حالیہ حالات کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہونے سے سبزیوں، پھلوں، دودھ، دہی اور دیگر بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں تقریباً دوگنا ہو چکی ہیں۔ رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے مہنگائی کے مسلسل جھٹکے دیے جا رہے ہیں جس سے غریب اور متوسط طبقہ شدید پریشانی میں مبتلا ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے قائم کردہ سہولت بازاروں میں بھی عوام کو معیاری اشیا میسر نہیں آ رہیں اور کئی مقامات پر ناقص اور غیر معیاری اشیا فروخت کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہر طرف مافیا سرگرم ہے جو من مانی قیمتیں وصول کر کے عوام کا استحصال کر رہا ہے جبکہ حکومتی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ عیدالفطر قریب آتے ہی عید کی شاپنگ بھی ماند پڑ چکی ہے کیونکہ مہنگائی نے عوام کی قوت خرید کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ٹرانسپورٹروں نے بھی عید سے قبل ہی کرایوں میں 25 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے جس سے دوسرے شہروں میں اپنے پیاروں کے پاس جانے والے مسافروں کو اضافی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مطالبہ کیا کہ حکمران طبقہ فوری طور پر عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔

وزرا اور مشیروں کو ملنے والی مفت پٹرول اور بجلی کی سہولتیں ختم کی جائیں اور حکمرانوں کے شاہانہ پروٹوکول کلچر کا خاتمہ کیا جائے تاکہ قومی خزانے پر پڑنے والا غیر ضروری بوجھ کم ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ روزہ دار عوام کے لیے حکومت کے ریلیف پیکجز آٹے میں نمک کے برابر ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے اور وہ سکون کے ساتھ رمضان اور عید کی خوشیاں منا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں